پاکستان سمیت خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں 27 اکتوبر یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر تقریبات، ریلیوں اور دیگر سرگرمیوں کا انعقاد کیا گیا، جن میں کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار اور ان کے حقِ خودارادیت کی حمایت کا اعادہ کیا گیا۔شمالی وزیرستان کی تحصیل رزمک میں مختلف مقامات پر پاکستانی اور کشمیری پرچموں کے ساتھ بینرز بھی آویزاں کیے گئے۔ صوبائی حکومتی ذرائع کے مطابق ان اقدامات کا مقصد کشمیری عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی اور ان کی جدوجہدِ آزادی کی حمایت کا اعادہ کرنا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ نے یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر عملی سرگرمیوں کے ذریعے مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا، جبکہ مقامی عوام کی جانب سے اس اقدام کا خیرمقدم کیا جا رہا ہے۔مردان کے علاقے کاٹلنگ میں 27 اکتوبر یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر ریلی اور تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ضلعی انتظامیہ کے حکام اور تنظیمِ تاجران کے رہنماوں و دیگر نے شرکت کی۔ریلی کے شرکا نے پاکستان زندہ باد اور کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرے لگائے اور کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انتظامیہ کے نمائندوں نے کہا کہ 27 اکتوبر کشمیری عوام کی تاریخ کا ایک اہم دن ہے، مقررین نے کشمیری عوام کی جدوجہد اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لیے حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا