کراچی،چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کراچی میں بجلی کا بحران سنگین ہوتا جا رہا ہے، بجلی دستیاب ہے تو مہنگی ہے، وفاقی حکومت کے نمائندوں نے اہم عہدوں پر ہونے کے باوجود شہر کے لیے ایک ٹکے کا کام نہیں کیا۔کراچی کے تاریخی ڈاکٹر کیخسرو نانا بھائے اسپینسرز آئی اسپتال کے توسیعی منصوبے کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سندھ اسمبلی اپنا فیصلہ سنا چکی، انتظامی یونٹس کے معاملے کو اب بند کرنا چاہیے، سندھ کے عوام اپنی قسمت کا فیصلہ خود کر سکتے ہیں، اسپینسر آئی اسپتال کو فعال اور عوام کو مفت علاج کی سہولت فراہم کرتے دیکھ کر خوشی ہوئی ہے۔صحت ایسا شعبہ ہے جس میں ہر وقت کسی نہ کسی کو علاج کی ضرورت رہتی ہے، جبکہ نجی اسپتالوں میں علاج انتہائی مہنگا ہے۔ اسپینسر آئی اسپتال میں عوام کو مفت طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔